پیٹرول پر عوام کو ریلیف نہ مل سکا، ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں اضافہ
پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا
اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد لیوی کی شرح 70 روپے 82 پیسے سے بڑھا کر 72 روپے 26 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
لیوی میں اضافے کے فیصلے کے بعد صارفین کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع ریلیف نہیں مل سکا جبکہ نئی شرح کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب پیٹرول کی قیمت میں اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی۔
پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 333 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔
علاوہ ازیں ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے فی لیٹر سستا کر دیا گیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ایک روز کے لیے کیا گیا ہے۔
