ایک سال میں گردشی قرضہ 779 ارب روپے کم، بجلی کمپنیوں کے نقصانات میں بھی گراوٹ
اگر مختص رقم مکمل فراہم کی جاتی تو اس وقت گردشی قرضہ مزید کمی کے بعد 1577 ارب روپے تک آ جاتا
پاور ڈویژن کے ترجمان نے بجلی کے شعبے کے گردشی قرضے اور ڈسکوز کے نقصانات میں کمی کے حوالے سے اہم اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال کے دوران پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ 779 ارب روپے کم ہوا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق مالی سال 2023-24 میں پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 2393 ارب روپے تھا، جو مالی سال 2024-25 میں کم ہو کر 1614 ارب روپے رہ گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے پاور سیکٹر کے 893 ارب روپے کے بجٹ میں سے 98 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی۔ اگر مختص رقم مکمل فراہم کی جاتی تو اس وقت گردشی قرضہ مزید کمی کے بعد 1577 ارب روپے تک آ جاتا۔
پاور ڈویژن کے مطابق بجٹ میں 98 ارب روپے کی کٹوتی کے باعث رواں مالی سال گردشی قرضے میں 61 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
ترجمان نے ڈسکوز کے نقصانات میں کمی کے حوالے سے بتایا کہ ایک سال میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں 193 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-24 میں ڈسکوز کے نقصانات 591 ارب روپے تھے، جو مالی سال 2024-25 میں کم ہو کر 397 ارب روپے رہ گئے۔ جبکہ مالی سال 2025-26 میں نقصانات مزید کم ہو کر 326 ارب روپے تک آ گئے۔
ترجمان پاور ڈویژن نے کہا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ دو سال کے دوران نقصانات میں 265 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے اور نقصانات 591 ارب روپے سے کم ہو کر 326 ارب روپے پر آ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں کی جانے والی اصلاحات کے مثبت اثرات مسلسل برقرار ہیں اور توانائی کے شعبے میں اصلاحاتی عمل مؤثر انداز میں جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق بجٹ میں کی جانے والی 98 ارب روپے کی کٹوتی ایک وقتی مالیاتی عنصر تھا، اسے پاور سیکٹر کی کارکردگی میں کمی سے جوڑنا درست نہیں۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے کو مالی طور پر پائیدار بنانے کے لیے اصلاحاتی عمل جاری ہے، جس کے ذریعے گردشی قرضے اور نقصانات میں مزید کمی لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
