پاکستان کی معروف شیف راحت علی انتقال کر گئیں
راحت علی نے ٹی وی اسکرین اور مختلف پلیٹ فارمز پر کھانا پکانے کی سادہ اور منفرد تراکیب پیش کیں
پاکستان کی معروف شیف راحت علی انتقال کر گئی ہیں۔
شیف راحت علی اپنی لذیذ اور آسان ریسیپیز، نرم گفتار اور پرسکون انداز کی وجہ سے ناظرین میں بے حد مقبول تھیں، ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور کھانا پکانے کے شوقین افراد میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
راحت علی نے طویل عرصے تک ٹی وی اسکرین اور مختلف پلیٹ فارمز پر کھانا پکانے کی سادہ اور منفرد تراکیب پیش کیں جنہوں نے لاکھوں افراد کو گھر کی سطح پر کھانا پکانے کی ترغیب دی، ان کا دوستانہ انداز، مسکراہٹ اور آسان طریقۂ تعلیم انہیں ہر عمر کے ناظرین میں خاص طور پر مقبول بناتا رہا۔
مرحومہ کی بیٹی مائدہ راحت علی بھی ایک معروف شیف ہیں جو اس وقت امریکا میں مقیم ہیں اور کھانا پکانے کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
شیف راحت علی کے انتقال کی خبر ان کی بھانجی کی جانب سے سوشل میڈیا پر دی گئی جس کے بعد سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات اور افسوس کا اظہار مسلسل جاری ہے۔
