ٹرمپ نے ایران سے مجوزہ معاہدے کا خفیہ مسودہ اتحادی ممالک کو بھجوا دیا، برطانوی میڈیا کا دعویٰ
ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کا خفیہ مسودہ اسرائیل سمیت اپنے اتحادی ممالک کو ارسال کر دیا ہے
برطانوی اخبار گارڈین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کا خفیہ مسودہ اسرائیل سمیت اپنے اتحادی ممالک کو ارسال کر دیا ہے جس میں آبنائے ہرمز کھولنے، امریکی ناکہ بندی ختم کرنے اور ایران کو منجمد اثاثوں تک محدود رسائی دینے جیسی اہم شقیں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ مفاہمتی یادداشت میں تجویز دی گئی ہے کہ آبنائے ہرمز کو 30 روز کے اندر جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کیا جائے تاکہ عالمی تجارتی اور تیل بردار بحری راستے دوبارہ معمول کے مطابق فعال ہو سکیں۔
گارڈین کے مطابق معاہدے کے تحت ایران کو اپنے تقریباً 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں تک محدود رسائی دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ یہ اثاثے مختلف امریکی اور بین الاقوامی پابندیوں کے باعث بیرونِ ملک منجمد کیے گئے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں آبنائے ہرمز، جنگ بندی، پابندیوں میں نرمی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے جیسے اہم امور پر پیش رفت ہوئی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق چین نے بھی مجوزہ معاہدے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حتمی معاہدے کی توثیق اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے کی جائے تاکہ اسے عالمی قانونی حیثیت حاصل ہو سکے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکا معاہدے کے خدوخال پر اپنے اتحادی ممالک، خصوصاً اسرائیل اور خلیجی ریاستوں سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ حتمی منظوری اور دستخط کے مراحل ابھی باقی ہیں۔
تاحال امریکا یا ایران کی جانب سے گارڈین کی اس رپورٹ پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
