پاک چین دوستی کے 75 سال، 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری ہوگا
یادگاری سکے پر پاکستان اور چین کے قومی پرچم اور دونوں ممالک کی دوستی کی علامتیں نمایاں ہوں گی۔
کراچی: پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان 75 روپے مالیت کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کرے گا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ یادگاری سکہ 25 مئی 2026 سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر پر دستیاب ہوگا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات 21 مئی 1951 کو قائم ہوئے تھے جن کے 75 سال مکمل ہونے پر یہ خصوصی سکہ جاری کیا جارہا ہے۔
یادگاری سکے پر پاکستان اور چین کے قومی پرچم اور دونوں ممالک کی دوستی کی علامتیں نمایاں ہوں گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق سکے پر ’’اعتماد، دوستی، معاونت‘‘ کے الفاظ اردو، انگریزی اور چینی زبان میں درج کیے جائیں گے۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ یادگاری سکے کا وزن 19 گرام ہوگا جب کہ اسے تانبے اور نکل کے مرکب سے تیار کیا جائے گا۔
