روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 2 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے
چینی میڈیا کے مطابق یہ ولادیمیر پیوٹن کا چین کا 25واں سرکاری دورہ ہے
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا طیارہ بیجنگ ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔ چینی میڈیا کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
روسی صدر یہ دورہ چینی صدر ژی جن پنگ کی دعوت پر کر رہے ہیں جہاں دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور عالمی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں چین اور روس کے درمیان دفاعی، تجارتی اور سفارتی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ عالمی امور پر مشترکہ حکمت عملی بھی زیر بحث آئے گی۔
چینی میڈیا کے مطابق یہ ولادیمیر پیوٹن کا چین کا 25واں سرکاری دورہ ہے جو دونوں ممالک کے گہرے اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر چین اور روس کی اسٹریٹجک شراکت داری کی 30ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے جسے دونوں ممالک اپنے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔
بیجنگ اور ماسکو نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ عالمی استحکام، اقتصادی تعاون اور خطے میں طاقت کے توازن کیلئے اپنے روابط کو مزید وسعت دیں گے۔
