آبنائے ہرمز میں ایرانی حملہ ناکام، امریکی جہاز محفوظ رہے، ٹرمپ کا دعویٰ
امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی فورسز نے امریکی جہازوں کو میزائلوں، ڈرونز اور چھوٹی حملہ آور کشتیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم تمام حملے ناکام بنا دیے گئے اور امریکی بحری جہاز محفوظ رہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی بحریہ کے تین ڈسٹرائر جنگی جہاز ایرانی حملوں کے باوجود کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کر گئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی دفاعی نظام نے فضا میں ہی ایرانی میزائل تباہ کر دیے جبکہ ڈرونز کو بھی ہدف تک پہنچنے سے پہلے مار گرایا گیا۔ ایرانی حملہ آور کشتیاں بھی تباہ کر دی گئیں اور متعدد کشتیاں سمندر برد ہوگئیں۔
امریکی صدر نے ایران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ذمہ دار ملک عالمی بحری گزرگاہ میں ایسی کارروائیاں نہیں کرتا، ایران کی قیادت انتہا پسند عناصر کے ہاتھ میں ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا کیونکہ اگر تہران کو ایٹمی صلاحیت ملی تو وہ اس کے استعمال سے گریز نہیں کرے گا۔
اپنے بیان میں امریکی صدر نے ایران کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے آج ایران کو ”ناک آؤٹ“ کردیا ہے تاہم اگر تہران نے معاہدے پر دستخط نہ کیے تو اس کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
