پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی، پہلی بار 8 ٹیموں کے ساتھ لیگ کا نیا دور شروع
افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ نئی ٹیم حیدرآباد کنگزمین سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا
پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی بدھ کے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی نئی عمارت میں منعقد ہوئی۔ سادہ مگر باوقار تقریب میں پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
تقریب میں لیگ سے وابستہ فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ان میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر، کراچی کنگز کے سلمان اقبال، لاہور قلندرز کے عاطف رانا اور نئی فرنچائز راولپنڈی پانڈاز کے احسن طاہر شامل تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ان کے بقول گزشتہ دس برسوں میں لیگ نے مختلف مراحل طے کیے اور اب یہ ایک مضبوط اور بڑے خاندان کی شکل اختیار کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل میں جیت اور ہار معمول کا حصہ ہے، مگر پی ایس ایل کا سفر اسے ایک تناور درخت بنا چکا ہے۔
پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 10 مئی تک کھیلا جائے گا، جس میں پہلی مرتبہ 8 ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ ٹورنامنٹ کے دوران کل 44 میچز لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں کھیلے جائیں گے۔
افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ نئی ٹیم حیدرآباد کنگزمین سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ اس ایڈیشن میں پہلی بار فیصل آباد اور پشاور بھی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کریں گے، جس سے لیگ کے دائرہ کار میں مزید وسعت آئے گی۔
