ایران نے فیفا ورلڈکپ 2026 سے بائیکاٹ کا اعلان کردیا
موجودہ حالات میں ایران کے لیے ورلڈکپ میں شرکت ممکن نہیں، ایرانی وزیر کھیل
تہران: ایران نے رواں سال امریکا میں ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 میں شرکت نہ کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
ایرانی وزیر کھیل احمد دنیا مالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایران کے لیے ورلڈکپ میں شرکت ممکن نہیں ہے۔
ایرانی وزیر کھیل نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کیے جانے کے بعد ایران کے لیے امریکا میں جاکر ورلڈکپ کھیلنا کسی صورت ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے المناک حالات میں ورلڈکپ میں شرکت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ ایرانی کھلاڑیوں اور بچوں کی سلامتی امریکا میں یقینی نہیں ہے جب کہ اس بڑے بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں۔
وزیر کھیل نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ایرانی قوم اور کھلاڑیوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ورلڈکپ کی میزبانی تین ممالک مشترکہ طور پر کررہے ہیں جہاں دنیا بھر کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ایران کی فٹبال ٹیم ورلڈکپ کی تاریخ میں کئی بار شرکت کرچکی ہے اور اس بار بھی اس کی کوالیفائی کرنے کی امید کی جارہی تھی لیکن سیاسی حالات کے پیش نظر اب ایران اس میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
