پاکستان ہاکی ٹیم نے چین کو 5-4 سے زیر کر کے کوالیفائر میں فتح کا جھنڈا گاڑ دیا
قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 2 مارچ کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی
ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر کے پہلے ہی مقابلے میں پاکستان نے اعصاب شکن معرکے کے بعد چین کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ایونٹ میں شاندار انٹری دی۔
سنسنی سے بھرپور اس میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم فیصلہ کن لمحات میں قومی کھلاڑیوں نے برتری برقرار رکھتے ہوئے میدان مار لیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد سفیان، رانا وحید، محمد عماد، ابوبکر محمود اور رانا ولید نے ایک، ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ہر گول کے ساتھ مقابلہ مزید دلچسپ ہوتا گیا اور اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا جوش عروج پر رہا۔
چین نے بھی سخت مزاحمت کی۔ سیاھو نے دو گول اسکور کیے جبکہ زینگ اور گوان نے ایک، ایک بار پاکستانی دفاع کو چکمہ دیا، مگر مجموعی اسکور میں برتری پاکستان کے نام رہی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے ٹیم کو افتتاحی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے دباؤ کے باوجود غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھے گی۔
قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 2 مارچ کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ 4 مارچ کو آسٹریا سے مقابلہ شیڈول ہے۔ شائقین کو امید ہے کہ گرین شرٹس اس جیت کی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے کوالیفائر مرحلے میں مضبوط پوزیشن حاصل کریں گے۔
