پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان بقا کی جنگ، کیا گرین شرٹس تاریخ بدل پائیں گے؟
شام ساڑھے 6بجے شروع ہونے والا یہ میچ قومی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ میں بقا کی جنگ بن چکا ہے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کا پانچواں معرکہ آج پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پالے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سجنے جا رہا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہونے والا یہ میچ قومی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ میں بقا کی جنگ بن چکا ہے کیونکہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد پاکستان کے لیے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے آج کی فتح ناگزیر ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو شکست دے کر مضبوط پوزیشن میں ہے اور آج کی جیت اسے براہِ راست سیمی فائنل میں پہنچا سکتی ہے۔
تاریخی اعتبار سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہا ہے اور اعداد و شمار پاکستان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔ اب تک ورلڈ کپ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں تین بار مدمقابل آئی ہیں اور تینوں ہی بار انگلش ٹیم فاتح رہی ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج کانٹے دار مقابلہ متوقع
ان مقابلوں میں سب سے تلخ یاد 2022 کے ورلڈ کپ فائنل کی ہے جہاں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا کر عالمی چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ 2009 اور 2010 کے ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مجموعی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو اب تک کھیلے گئے 31 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے انگلینڈ نے 21 جیتے ہیں، جو ان کی برتری کا واضح ثبوت ہے۔ آج کے میچ کے لیے پالے کیلے کی پچ اور موسمی حالات بھی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہاں کی وکٹ اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے، جس کا فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان ٹیم میں ابرار احمد اور شاداب خان کی موجودگی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
کینڈی میں آج بارش کا امکان محض 13 فیصد ہے، جس سے کرکٹ شائقین کو ایک مکمل اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کی امید ہے۔ پاکستانی بیٹنگ لائن کی تمام تر امیدیں صاحبزادہ فرحان پر وابستہ ہیں جو اس وقت بہترین فارم میں ہیں، جبکہ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی کی واپسی سے پاکستانی اٹیک مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
شائقینِ کرکٹ بے صبری سے اس مقابلے کا انتظار کر رہے ہیں کہ کیا پاکستان آج انگلینڈ کے خلاف اپنی شکستوں کا تسلسل توڑ پائے گا یا نہیں۔
