منیب بٹ نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوشی کس کو قرار دیا؟
ایک اداکار کی کامیابی صرف شہرت نہیں بلکہ معاشرے کیلئے مثبت پیغام دینا بھی ہے
پاکستان کی معروف اداکار منیب بٹ نے کہا ہے کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ان کی تینوں بیٹیاں ہیں، جو انہیں گھر پہنچتے ہی خوشی سے ملتی ہیں اور یہی لمحہ ان کے لیے سب سے قیمتی ہوتا ہے۔
منیب بٹ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ کام سے واپس گھر آتے ہیں اور ان کی بیٹیاں خوش ہو کر انہیں گلے لگاتی ہیں تو وہ تمام تھکن بھول جاتے ہیں اور انہیں بےحد سکون محسوس ہوتا ہے۔
اداکار نے اپنی عادات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سب سے بری عادت دیر سے سونا اور دیر سے جاگنا ہے، کراچی میں رات گئے تک لوگوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اور شہر کے کئی علاقوں میں رات 3 سے 4 بجے تک سڑکوں اور ریسٹورنٹس میں رش ہوتا ہے، ڈیفنس جیسے علاقوں میں چائے کے کیفے پر بھی لوگ دیر رات تک بیٹھے رہتے ہیں۔
منیب بٹ نے کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا اصل مطلب مطمئن ہونا ہے، وہ اپنے کیریئر سے مطمئن ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ انہیں جتنا ملا وہ ان کے لیے بہت ہے اور یہی ان کی نظر میں کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک اداکار کی کامیابی صرف شہرت نہیں بلکہ معاشرے کے لیے مثبت پیغام دینا بھی ہے، اللہ نے مجھے فیم دیا ہے تو مجھ پر لازم ہے کہ میں لوگوں تک اچھی بات پہنچاؤں اور معاشرے میں بہتری کا سبب بنوں۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ اگر وہ اداکار نہ ہوتے تو وہ آرمی یا پولیس فورس جوائن کرتے کیونکہ انہیں ہمیشہ سے نظم و ضبط اور ملک کی خدمت کے شعبے میں دلچسپی رہی ہے۔
