واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور روس کو وینزویلا کا تیل فروخت کرنے کی آفر کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ چین اور روس خطے میں اثر و رسوخ نہ بڑھائیں۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں تیل کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران وینزویلا کے تیل، ایران کی صورتحال، گرین لینڈ اور پاک بھارت کشیدگی سمیت اہم عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایک آئل ٹینکر تحویل میں لیا جو امریکی اجازت کے بغیر وینزویلا سے روانہ ہوا تھا، اور اس ٹینکر کا تیل وینزویلا کے ساتھ معاہدے کے تحت فروخت کیا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج نے وینزویلا میں تاریخ کا بہترین آپریشن کیا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق وینزویلا میں تیل کے بڑے ذخائر موجود ہیں اور امریکی تیل کمپنیوں کو وہاں مکمل سیکیورٹی گارنٹی دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: آیت اللہ خامنہ ای کی ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید، غرور میں فیصلے کرنے والوں کو تاریخ یاد رکھنے کا مشورہ
انہوں نے کہا کہ وینزویلا میں تیل کے کاروبار سے امریکی شہریوں کو فائدہ ہوگا اور امریکا فوری طور پر وینزویلا کے تیل کو ریفائن اور فروخت کرنا شروع کرے گا۔
ٹرمپ نے بتایا کہ وینزویلا میں 100 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ حال ہی میں وینزویلا کی جانب سے 30 ملین بیرل تیل فراہم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں کون سی تیل کمپنیاں جائیں گی، اس کا فیصلہ امریکا کرے گا اور کمپنیاں براہِ راست امریکا سے ڈیل کریں گی، وینزویلا سے نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور روس وینزویلا کا تیل امریکا سے خرید سکتے ہیں، تاہم امریکا نہیں چاہتا کہ چین اور روس خطے میں اثر و رسوخ بڑھائیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کو امریکا کے خلاف جرائم پر گزشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا، جن پر قتل اور غیرقانونی حراستوں کے الزامات ہیں۔
ایران کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اگر ایرانی عوام کو قتل کیا گیا تو امریکا سخت جواب دے گا، تاہم اس کا مطلب فوج بھیجنا نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت نے برسوں عوام کے ساتھ برا سلوک کیا اور اب عوام کی جانب سے اسے جواب مل رہا ہے۔
گرین لینڈ کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ روس اور چین وہاں پہنچیں، تاہم مالی معاملات پر فیصلہ بعد میں کیا جائے گا اور فی الحال دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سمیت آٹھ جنگیں رکوائیں۔
ان کے مطابق پاک بھارت جنگ کے دوران آٹھ طیارے گرائے گئے تھے اور پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایک کروڑ افراد کی جانیں بچائیں۔
آخر میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دنیا کی بہترین معیشت ہے اور وینزویلا کے ساتھ مل کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، جبکہ اگلے ہفتے تیل کمپنیوں کے ساتھ ایک اور اہم ملاقات ہوگی۔
منشیات کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، امریکی نائب صدر
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا میں منشیات کی سپلائی روکنے کیلئے مؤثر کارروائی کی گئی جو بہترین طریقے سے مکمل ہوئی اور اس دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
نائب صدر جے ڈی ونس کے مطابق یہ آپریشن کامیاب رہا اور اس کا مقصد امریکی عوام کو منشیات کے خطرے سے محفوظ بنانا تھا۔
وینزویلا کے وسائل کو عالمی مارکیٹ تک رسائی دی جائے گی، امریکی وزیرخارجہ
امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تمام اقدامات امریکی عوام کے مفاد میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے وسائل کو عالمی مارکیٹ تک رسائی دی جائے گی تاکہ اس کا فائدہ براہِ راست وینزویلا کے عوام کو پہنچے۔
مارکو روبیو نے واضح کیا کہ وینزویلا کے عوام کا پیسہ انہی کیلئے ہوگا، کسی قابض یا آمر حکمران کیلئے نہیں، اور امریکا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ وسائل سے حاصل ہونے والا فائدہ عام شہریوں تک منتقل ہو۔
