اسحاق ڈار اور وانگ ای کی ملاقات، پاک چین دوستی کو نئی رفتار دینے پر اتفاق
ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر زور دیا گیا
پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے بیجنگ میں اہم ملاقات کی۔
یہ ملاقات پاک چین اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے ساتویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر بیجنگ کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر زور دیا گیا۔
گفتگو کے دوران سی پیک، تجارت، کثیرالجہتی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاک چین تعلقات کو موسموں کے گرم و سرد سے بے نیاز اسٹریٹیجک شراکت داری قرار دیا۔
اسحاق ڈار اور وانگ ای نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین دو طرفہ اور کثیر ملکی فورمز پر قریبی رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنائیں گے، تاکہ مشترکہ مفادات کا مؤثر دفاع کیا جا سکے۔
ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایانِ شان اور بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کو پاک چین تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا، جو آنے والے برسوں میں دوستی اور تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا ذریعہ بنے گا۔
