پاکستان کی بحری تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو گیا ہے، دنیا کے جدید ترین اور سب سے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں سے ایک ’ایم ایس سی مِکول‘ کراچی کے ساوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر لنگر انداز ہو گیا۔
وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے جہاز کی آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیا اور کہا کہ ایم ایس سی مِکول کی آمد پاکستان کی بندرگاہی صلاحیت پر بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔
400 میٹر طویل اور 24 ہزار ٹی ای یو کی گنجائش رکھنے والا یہ جہاز اب تک پاکستان میں آنے والا سب سے بڑا کنٹینر بردار جہاز ہے۔
ساوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل نے اس جہاز کو کامیابی سے برتھ اور ہینڈل کر کے اپنی تکنیکی صلاحیت کا ثبوت دیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی شپنگ منزل بن رہا ہے اور میری ٹائم سیکٹر مستقبل میں ملکی معیشت کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔
