بین الاقوامی اسپورٹس انڈسٹری میں مالی میدان کا بادشاہ ایک بار پھر پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بن گیا ہے، جنہوں نے سال 2024 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
برطانوی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق، 40 سالہ رونالڈو نے پچھلے 12 ماہ میں حیرت انگیز طور پر 192 ملین پاؤنڈ (تقریباً 72 ارب 28 کروڑ پاکستانی روپے) کمائے جبکہ ان کے حریف ارجنٹائنی سپر اسٹار لیونل میسی 99 ملین پاؤنڈ (37 ارب 53 کروڑ روپے) کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق گالف کے مشہور کھلاڑی جان راہم نے 161.32 ملین پاؤنڈ کی کمائی کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔
میسی کی کمائی کا بڑا حصہ اسپانسرشپ، برانڈ ڈیلز اور دیگر غیر فٹبال سرگرمیوں سے حاصل ہوا وہ ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن کی غیرریاستی آمدن فیلڈ آمدن سے کہیں زیادہ ہے۔
دیگر نمایاں ناموں میں باسکٹ بال کے لیجنڈ لیبرون جیمز 94.87 ملین پاؤنڈ کے ساتھ چوتھے کائلن ایمباپے چھٹے، نیمار ساتویں اور کریم بینزیما آٹھویں نمبر پر رہے۔ اسٹیفن کری بھی 75.38 ملین پاؤنڈ کی آمدنی کے ساتھ اس فہرست کا حصہ بنے۔
یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب رونالڈو دنیا کے سب سے زیادہ کمانے والے کھلاڑی بنے ہیں۔ اس سے قبل 2023 میں بھی انہوں نے فوربز کی سالانہ رپورٹ میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فٹبالرز کی اس فہرست میں بھرپور نمائندگی کھیل کی بین الاقوامی مقبولیت اور خاص طور پر سعودی پرو لیگ کی مالی طاقت کو ظاہر کرتی ہے، جہاں اس وقت کئی بین الاقوامی اسٹارز کھیل رہے ہیں۔
دلچسپی کی بات یہ ہے کہ رونالڈو اور میسی اب بھی بہترین فارم میں ہیں، اور شائقین کی نظریں اس بات پر جمی ہیں کہ آیا 2026 کا ورلڈ کپ ان کے عظیم کیریئر کا آخری بڑا ایونٹ ہوگا یا نہیں۔