پاکستان میں جان بچانے والی پلازما سے تیار ادویات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایشیا پاک انویسٹمنٹس اور چائنا ریسورسز بویا بایو فارماسیوٹیکل گروپ نے اہم شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام کے تحت پاکستان میں 235 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس سے قومی صحت کی سکیورٹی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
معاہدے کے مطابق ابتدائی طور پر 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے شمالی پنجاب اور مشرقی خیبرپختونخوا میں پلازما کلیکشن مراکز قائم کیے جائیں گے۔ اس کے بعد اسلام آباد میں 2026 تک ایک مرکزی ہب بنایا جائے گا، جس میں پلازما کلیکشن، ٹیسٹنگ، اسٹوریج اور لاجسٹکس کی سہولیات شامل ہوں گی۔
دوسرے مرحلے میں 210 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں پہلا فریکشینیشن پلانٹ قائم کیا جائے گا، جو پلازما سے جان بچانے والی ادویات تیار کرے گا۔ اس منصوبے سے ادویات کی پاکستان میں مقامی تیاری ممکن ہوگی اور ادویات کی درآمد پر انحصار کم ہو گا۔
اس موقع پر ایشیا پاک کے سی ای او شہریار چشتی نے کہا کہ یہ شراکت نہ صرف ایک بڑا طبی مسئلہ حل کرے گی بلکہ پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش منزل بھی ثابت کرے گی۔
چائنا ریسورسز بویا کے چیئرمین کائی کیو نے کہا کہ “آئرن برادرز” کے جذبے کے تحت چین پاکستان میں اپنی مہارت لا کر قیمتی جانیں بچانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی اور اس اقدام کو قومی صحت کی سکیورٹی کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔
وزارتِ قومی صحت کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف مریضوں کے لیے سستی اور معیاری ادویات میسر آئیں گی بلکہ سیکڑوں ہنر مند روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔